ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آڈیو سی ڈی معاملہ صدر ہند تک لے جانے کانگریس کا فیصلہ

آڈیو سی ڈی معاملہ صدر ہند تک لے جانے کانگریس کا فیصلہ

Wed, 13 Feb 2019 00:28:14    S.O. News Service

بنگلورو،12؍فروری(ایس او نیوز) اراکین اسمبلی کو خریدنے کے لئے بی جے پی کی طرف سے کی جارہی کوششوں اور آڈیو فاش ہونے کے بعد اٹھنے والے سیاسی طوفان کو کانگریس نے راشٹرپتی بھون تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایاجاتاہے کہ کل پارلیمان اجلاس کے فوراً بعد کانگریس قائدین کا ایک وفد صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کرے گا اور سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا کی طرف سے ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین اسمبلی کو خریدنے اور انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کرنے کی شکایت کی جائے گی اور ساتھ ہی صدر جمہوریہ کے سامنے مبینہ آڈیو پیش کی جائے گی، جس میں یڈیورپانے ایک جے ڈی ایس رکن اسمبلی کے فرزند کو طلب کرکے انہیں وزارت کا لالچ دیا اور اپنے والد کو مستعفی کرانے پر دس کروڑ روپے نقد کا آفر دیا۔

مرکز کی مودی حکومت جو پہلے ہی رافیل گھپلے کے متعلق ہر دن نئے نئے انکشافات سے پریشان ہے۔ صدر جمہوریہ کے سامنے آڈیو سی ڈی کا معاملہ لے جانے کے لئے کانگریس کا فیصلہ بی جے پی کے لئے ایک نئی پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس کی ریاستی قیادت اس کوشش میں ہے کہ صدر ہند سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت خود صدر کانگریس راہل گاندھی کریں اور یہ بھی کوشش کی جارہی ہے کہ کانگریس کی ہمنوا دیگر جماعتوں کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔'

آج لوک سبھا میں بی جے پی کے لیڈر ملیکارجن کھرگے نے اس موضوع پر کل صدر ہند سے ملاقات کا اشارہ دیتے ہوئے ریاستی مخلوط حکومت کو گرانے کی کے لئے کی جارہی کوششوں پر سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں وزیراعظم مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ کی تائید کا بھی دعویٰ کیاجارہاہے، اسی لئے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہئے۔ 


Share: